نئی دہلی،16مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی اور ارد گرد کے علاقوں میں کم از کم 22 مقامات پر چھاپے ماری کی اور سروے کیا۔یہ کارروائی آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور دیگر سے متعلق 1000 کروڑ روپے کے مبینہ غیراعلانیہ سودے کے معاملے میں کی گئی۔حکام نے بتایا کہ آج علی الصبح محکمہ نے دہلی، گڑگاؤں، ریواڑی میں کچھ مشہور کاروباریوں اور ریئل اسٹیٹ ایجنٹس اور دیگر کے احاطے پر چھاپہ ماری شروع کی۔آر جے ڈی کے ایم پی پی سی گپتا اور کچھ دیگر کاروباری لوگوں کے احاطے پر بھی تلاشی لی گئی۔انہوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری ایک درجن مقامات پر کی گئی جبکہ محکمہ انکم ٹیکس نے 10 دیگر سرکاری احاطے کا سروے بھی کیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ لالو پرساد اور ان کے خاندان سے منسلک ایک زمین سودے میں ملوث افراد اور تاجروں کے یہاں تلاشی لی گئی۔ تقریبا 1000 کروڑ روپے کے غیراعلانیہ سودے اور اس کے بعد ٹیکس چوری کے معاملے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کے سیکشن اور محکمہ پولیس کے تقریبا 100 افسران نے چھاپہ ماری کی۔گزشتہ ہفتے بی جے پی نے لالو پرساد، ان کی ایم پی بیٹی میسا بھارتی اور ان دونوں بیٹوں پر تقریبا 1000 کروڑ روپے کے بدعنوان زمین سودو میں شامل ہونے کا الزام لگایا تھا اور مرکزی حکومت سے دہلی میں ہوئے ایسے ہی ایک سودے کی جانچ کی مانگ کی تھی۔غور طلب ہے کہ لالو کے دونوں بیٹے بہار حکومت میں وزیر ہیں۔